Tuesday, November 17

بحیرہ اسود میں مال بردار جہاز ڈوب گیا، عملے کے 12 ارکان لاپتا

Cargo Ship Sinks in Black Sea, 12 Crew Members Reported Missing

اسلام آباد، 16 نومبر 2026 (غفران): بحیرہ اسود میں گندم سے لدا مال بردار جہاز ڈوبنے کے نتیجے میں عملے کے تمام 12 ارکان لاپتا ہو گئے ہیں۔ بلغاریہ کی وزارت ٹرانسپورٹ کے مطابق صومالیہ کے پرچم بردار جہاز پر تقریباً 3 ہزار ٹن گندم لدی ہوئی تھی اور وہ رومانیہ سے مصر جا رہا تھا کہ بلغاریہ کے خصوصی اقتصادی زون میں حادثے کا شکار ہو گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ جہاز کے ڈوبنے کے بعد عملے کے ارکان کی موجودہ صورتحال اور مقام کے بارے میں فوری طور پر معلومات حاصل نہیں ہو سکیں۔ وزارت ٹرانسپورٹ کے مطابق امدادی کارروائیوں کے لیے بلغاریہ کے دو بحری جہاز روانہ کر دیے گئے ہیں، جبکہ رومانیہ اور ترکی نے بھی ایک ایک جہاز امدادی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے لیے بھیجا ہے۔ حکام تاحال جہاز ڈوبنے کی وجوہات معلوم نہیں کر سکے، جبکہ لاپتا افراد کی تلاش کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب حالیہ ہفتوں کے دوران بلغاریہ اور رومانیہ کے ساحلی علاقوں کے قریب تجارتی بحری جہازوں پر ڈرون حملوں کے متعدد واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں۔ سکیورٹی ماہرین کے مطابق ان حملوں کا تعلق روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ سے ہے، جس کے باعث بحیرہ اسود میں بحری سلامتی کے خدشات میں اضافہ ہوا ہے۔