
اسلام آباد، 25 ستمبر 2026 (غفران): نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے بالائی علاقوں میں 25 سے 30 ستمبر تک شدید بارشوں، گرج چمک اور ممکنہ اچانک سیلاب کے حوالے سے الرٹ جاری کردیا ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق 25 اور 26 ستمبر کو مغربی ہواؤں کے نظام کی شدت میں اضافے کا امکان ہے، جس کے باعث بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں بارش اور گرج چمک متوقع ہے۔ پہاڑی علاقوں، ندی نالوں اور موسمی آبی گزرگاہوں میں اچانک سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ گلگت بلتستان میں استور، اسکردو، روندو، گانچھے اور شگر کو سیلابی خطرات سے متاثرہ علاقوں میں شامل کیا گیا ہے۔ آزاد کشمیر میں وادی نیلم، حویلی، پونچھ اور سدھنوتی جبکہ خیبرپختونخوا میں سوات، باجوڑ، دیر، کوہستان، بٹگرام اور مانسہرہ میں بھی سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق پوٹھوہار، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے بعض علاقوں میں 30 ستمبر تک شدید گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔ این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو پیشگی انتظامات مکمل کرنے، ہنگامی ردعمل کی ٹیموں اور ضروری وسائل کو تیار رکھنے اور بارش، ندی نالوں اور آبی گزرگاہوں کی صورتحال کی مسلسل نگرانی کی ہدایت کی ہے۔