گلگت، 6 ستمبر 2026 (نوشین): گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں اور بادل پھٹنے کے باعث آنے والے اچانک سیلاب نے معمولاتِ زندگی متاثر کر دیے، جبکہ غذر اور ہنزہ میں سڑکیں بند، مکانات اور زرعی اراضی کو نقصان پہنچا اور بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی۔ ہفتے کی صبح غذر کے مختلف علاقوں میں آنے والے سیلابی ریلوں نے مکانات، فصلوں اور باغات کو نقصان پہنچایا۔ نوبہار گاؤں میں سیلابی پانی سے گشگش جماعت خانہ متاثر ہوا، جبکہ پھل دار درخت، فصلیں اور زرعی اراضی بھی تباہ ہوگئی۔ سیلاب کے باعث امیت کو برجنگل سے ملانے والی سڑک بھی بند ہوگئی جبکہ راستے میں بجلی کی ترسیلی لائنوں کو نقصان پہنچا۔ متاثرہ علاقوں کے رہائشیوں نے انتظامیہ سے سڑکوں کی بحالی اور متاثرہ خاندانوں کو فوری امداد فراہم کرنے کے لیے ہنگامی اقدامات کا مطالبہ کیا۔ گلگت بلتستان پولیس کے ترجمان کے مطابق لینڈ سلائیڈنگ کے باعث قراقرم ہائی وے کو سوست اور خنجراب ٹاپ کے درمیان مکمل طور پر بند کر دیا گیا۔ متعلقہ محکمے شاہراہ سے ملبہ ہٹانے اور راستہ بحال کرنے میں مصروف ہیں، جبکہ سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔دوسری جانب ٹورازم پولیس کے مطابق لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند ہونے والی ہنزہ میں قراقرم ہائی وے کی مرتضیٰ آباد اور حسن آباد کے درمیان سڑک پر ٹریفک بحال کر دی گئی ہے۔
