
وینتیان، 11 نومبر 2026 (نوشین): پاکستان نے 2027 اے ایف سی انڈر 17 ایشین کپ کے گروپ ڈی کوالیفائرز میں شاندار مقابلہ کیا تاہم ایران کے ہاتھوں ایک صفر سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ لاؤس نیشنل اسٹیڈیم میں بدھ کو کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ابتدائی گول کھانے کے باوجود بھرپور مزاحمت کی اور مقابلہ برابر کرنے کے لیے کئی مواقع پیدا کیے۔ ایران کی جانب سے امیر محمد زارعی نے نویں منٹ میں پاکستان کے دائیں جانب سے ہونے والے حملے کو گول میں تبدیل کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔ پاکستان نے فوری طور پر جوابی حملے شروع کیے اور ندیم حسین نے حسن علی کی عمدہ انفرادی کوشش کے بعد کارنر پر ہیڈر کے ذریعے گول کرنے کی کوشش کی تاہم گیند گول کیپر کے ہاتھوں میں چلی گئی۔ محمد عیسیٰ نے دائیں جانب اپنی تیز رفتار اور جارحانہ کھیل سے ایرانی دفاع کے لیے مشکلات پیدا کیں جبکہ حسن علی بائیں جانب سے مسلسل حملے کرتے رہے۔ پہلے ہاف کے اضافی وقت میں گول کیپر سمر رضا نے شاندار سیو کرکے پاکستان کو مزید نقصان سے بچایا۔ دوسرے ہاف میں پاکستانی ٹیم نے برابری کے گول کے لیے حملوں میں تیزی پیدا کی، اس دوران حضرت عباس کو ون آن ون موقع بھی ملا تاہم وہ اسے گول میں تبدیل نہ کر سکے۔ میچ کے آخری لمحات میں حارث خان کو حملے مضبوط بنانے کے لیے میدان میں اتارا گیا۔ 89ویں منٹ میں اس وقت تنازع پیدا ہوا جب پاکستانی کھلاڑیوں کا خیال تھا کہ گیند گول لائن عبور کر چکی ہے، تاہم ریفری نے گول دینے سے انکار کر دیا۔ بھرپور کوششوں کے باوجود پاکستان برابری کا گول کرنے میں ناکام رہا اور اسے کوالیفائنگ مہم میں پہلی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پاکستان نے اپنی مہم کا آغاز سری لنکا کے خلاف تین ایک کی کامیابی سے کیا تھا اور اب گرین شرٹس ہفتے کو گروپ ڈی کے اپنے تیسرے میچ میں میزبان لاؤس کا مقابلہ کریں گے، جہاں ان کی نظریں کامیابی کی جانب واپسی پر ہوں گی۔