Thursday, August 27

ایس ای سی پی چیئرمین کا موبیز کے پاکستان میں علاقائی دفتر کے قیام کا خیرمقدم

SECP Chairman Welcomes Mobiz’s Regional Office Establishment in Pakistan

کراچی، 27 اگست 2026 (کامران راجہ): سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے چیئرمین ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے پاکستانی ملکیت کی حامل امریکی ٹیکنالوجی کمپنی موبیز کی جانب سے پاکستان میں علاقائی دفتر کے قیام کا خیرمقدم کیا ہے۔موبیز نے کراچی میں نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک میں اپنا علاقائی دفتر قائم کردیا ہے، جو پاکستان کے تیزی سے ترقی کرتے ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل سروسز کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت ہے۔ موبیز دنیا کے مختلف ممالک میں کلاؤڈ کمپیوٹنگ، ڈیٹا سروسز، مصنوعی ذہانت اور سائبر سیکیورٹی سمیت جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں خدمات فراہم کر رہی ہے۔ موبیز کی پاکستان میں توسیع کا خیرمقدم کرتے ہوئے ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے کہا کہ پاکستان کے باصلاحیت نوجوان عالمی انفارمیشن ٹیکنالوجی مارکیٹ میں نمایاں کردار ادا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عالمی ٹیکنالوجی کمپنیوں کی پاکستان میں توسیع ملک کے آئی ٹی ٹیلنٹ اور تکنیکی صلاحیتوں پر بڑھتے ہوئے عالمی اعتماد کا اظہار ہے۔

چیئرمین ایس ای سی پی نے کہا کہ پاکستان کو علاقائی ٹیکنالوجی اور عالمی سروسز ہب بنانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی ٹیکنالوجی کمپنیوں کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری سے نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور انہیں عالمی مارکیٹ میں کام کرنے کے مزید مواقع میسر آئیں گے۔ ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے کہا کہ ایس ای سی پی کاروبار میں آسانی پیدا کرنے کے لیے شفافیت، ڈیجیٹلائزیشن اور ریگولیٹری اصلاحات پر کام کر رہا ہے تاکہ سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے کاروباری لاگت اور وقت میں کمی لانے کے ساتھ ساتھ شفافیت، کارکردگی اور مجموعی طور پر کاروباری امور کو بہتر بنایا جاسکتا ہے۔ چیئرمین ایس ای سی پی نے موبیز گلوبل کو کراچی میں علاقائی دفتر کے آغاز پر مبارکباد پیش کی اور پاکستان میں کمپنی کی مزید توسیع اور کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں عالمی ٹیکنالوجی کمپنیوں کی موجودگی ملکی ڈیجیٹل معیشت کے فروغ، جدت، سرمایہ کاری اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔