اسلام آباد، 13 نومبر 2026(غفران): ایرانی وزیر خارجہ ڈاکٹر عباس عراقچی کی آئندہ 72 گھنٹوں کے دوران پاکستان آمد متوقع ہے، جہاں وہ اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ علاقائی اجلاس کے انعقاد کے لیے پاکستان میں تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ سفارتی ذرائع کے مطابق معزز غیر ملکی مہمانوں کی آمد اتوار سے شروع ہو جائے گی، جبکہ ڈاکٹر عباس عراقچی سمیت وسط ایشیائی ممالک کے وزرائے خارجہ بھی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ پیر کی صبح نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار وزارتی اجلاس سے افتتاحی خطاب کریں گے، جبکہ اقتصادی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر اسد مجید خان بھی اجلاس سے خطاب کریں گے۔ ای سی او کے دیگر رکن ممالک کے وزرائے خارجہ بھی اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔ اجلاس میں شریک وزرائے خارجہ کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات بھی متوقع ہے، جبکہ وزیراعظم معزز مہمانوں کے اعزاز میں ظہرانہ دیں گے۔ اجلاس کے ایجنڈے میں رکن ممالک کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعاون کے فروغ، علاقائی روابط کو مضبوط بنانے اور باہمی تعلقات میں وسعت سمیت اہم امور زیر غور آئیں گے۔ اجلاس کو رکن ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے اور خطے میں اقتصادی روابط کو مزید مستحکم کرنے کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
