Saturday, September 26

ایرانی صدر کا سپریم لیڈر کے مکمل صحت یاب ہونے کا دعویٰ

Iranian President Says Supreme Leader Fully Recovered from Injuries

تہران، 26 ستمبر 2026 (غفران): ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای طبی طور پر صحت مند ہیں اور چہرے اور ٹانگوں پر آنے والے زخموں سے مکمل طور پر صحت یاب ہو چکے ہیں۔ امریکی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں مسعود پزشکیان نے کہا کہ مجتبیٰ خامنہ ای کو اس وقت صحت سے متعلق کوئی خاص مسئلہ درپیش نہیں اور انہوں نے سپریم لیڈر سے دو مرتبہ ملاقات کی ہے، جن میں سے ایک ملاقات سات گھنٹے سے زائد جاری رہی۔ آبنائے ہرمز سے متعلق ایران کی تجویز پر بات کرتے ہوئے ایرانی صدر نے کہا کہ اگر امریکا ایران کی تجویز قبول کرتا ہے تو تہران اس اہم آبی گزرگاہ کو دوبارہ کھولنے اور مذاکرات بحال کرنے کے لیے تیار ہے، جبکہ واشنگٹن کی جانب سے پیشکش قبول کیے جانے کے اسی روز مذاکرات شروع کیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تہران اور واشنگٹن کے درمیان گہرا عدم اعتماد برقرار ہے، جس کے باعث امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے براہ راست ملاقات مشکل ہے۔ مسعود پزشکیان نے امریکا پر ایران کے خلاف پابندیاں عائد کرنے، دھمکیاں دینے اور حملے کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ آیا واشنگٹن مذاکرات کے ذریعے طے پانے والے وعدوں کی پاسداری کرے گا۔ ایرانی صدر نے مزید کہا کہ ایران اقوام متحدہ کے جوہری معائنہ کاروں کو ملک میں آنے کی اجازت دینے اور معائنے سے متعلق مخصوص معاہدے پر مذاکرات کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے ایک بار پھر کہا کہ ایران جوہری ہتھیار بنانے کا ارادہ نہیں رکھتا اور مذہبی اصولوں کے تحت ایسے ہتھیار ممنوع ہیں۔