Sunday, October 18

او آئی سی وزرائے خارجہ کا 52واں اجلاس بغداد میں شروع، علاقائی امن پر توجہ

او آئی سی وزرائے خارجہ کا 52واں اجلاس بغداد میں شروع، علاقائی امن پر توجہ

اسلام آباد، 17 اکتوبر 2026 (نوشین): اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کی کونسل کا 52واں اجلاس عراق کے دارالحکومت بغداد میں شروع ہو گیا ہے، جس کا افتتاح عراقی وزیراعظم علی فالح الزیدی نے کیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عراقی وزیراعظم نے علاقائی کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ اسلامی دنیا کو اس وقت بڑھتے ہوئے چیلنجز کا سامنا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ مسلم ممالک علاقائی اور عالمی بحرانوں سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششیں تیز کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے انصاف کی فراہمی اور فلسطینی عوام کے حقوق کی تکمیل ناگزیر ہے۔ او آئی سی وزرائے خارجہ کے اجلاس میں علاقائی امن و سلامتی، بڑھتی ہوئی کشیدگی اور مسلم ممالک کو درپیش چیلنجز پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے، جبکہ پاکستان کی نمائندگی جدہ میں او آئی سی کے لیے پاکستان کے مستقل نمائندے فواد شیر کریں گے۔ حکام کے مطابق اسحاق ڈار پاکستان میں سرکاری مصروفیات اور دیگر اہم ذمہ داریوں کے باعث اجلاس میں شریک نہیں ہو سکیں گے۔ دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی بغداد پہنچ گئے ہیں، جبکہ ترکیہ، مصر اور دیگر مسلم ممالک کے حکام بھی اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں۔ یہ اجلاس ایسے وقت میں منعقد ہو رہا ہے جب خطے میں کشیدگی بڑھ رہی ہے۔ اجلاس کے دوران رکن ممالک علاقائی استحکام، جاری سفارتی کوششوں اور ابھرتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر تبادلہ خیال کریں گے۔ اجلاس میں مسلم ممالک کے درمیان تعاون مضبوط بنانے، علاقائی تنازعات کے حل اور کشیدگی میں کمی کے لیے مذاکرات اور سفارتی اقدامات کو فروغ دینے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔