Monday, November 16

امریکی انتخابات میں ٹرمپ کو دھچکا، ایرانی حکام کا جشن، دوبارہ حملوں کا خدشہ برقرار

امریکی انتخابات میں ٹرمپ کو دھچکا، ایرانی حکام کا جشن، دوبارہ حملوں کا خدشہ برقرار

تہران، 4 نومبر 2026 (نوشین): امریکی وسط مدتی انتخابات میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ریپبلکن پارٹی کی بڑی شکست پر ایرانی حکام نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے امریکی عوام کی جانب سے ایران کے خلاف جنگی پالیسی مسترد کیے جانے کا نتیجہ قرار دیا ہے، تاہم تہران نے امریکہ کی جانب سے دوبارہ فوجی حملوں کے خدشے کے پیش نظر ہائی الرٹ رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر اور امریکہ کے ساتھ مذاکرات میں ایران کے مرکزی مذاکرات کار محمد باقر قالیباف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ امریکی عوام نے ضمیر یا مہنگائی کے مسئلے کی بنیاد پر جنگ کے خلاف فیصلہ دیا ہے اور ایران اس پیغام کی حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے واشنگٹن کو خبردار کیا کہ وہ عوامی رائے کو نظرانداز کرتے ہوئے ایران پر دوبارہ حملے کرنے سے گریز کرے۔ دوسری جانب ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے تحریری بیان میں کہا کہ امریکہ کی دشمنی اس بات سے تبدیل نہیں ہوگی کہ وہاں کس سیاسی جماعت کی حکومت ہے۔ انہوں نے امریکہ کے سامنے کسی بھی قسم کی پسپائی اختیار کرنے سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اپنی عالمی بالادستی کے خاتمے کو ابھی دور سمجھتا ہے، جبکہ ایران اسے قریب دیکھ رہا ہے۔ امریکی وسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹس نے سینیٹ اور ایوانِ نمائندگان دونوں میں اکثریت حاصل کی، جبکہ روایتی ریپبلکن مضبوط علاقوں میں کامیابیوں نے صدر ٹرمپ کی معاشی پالیسیوں اور ایران کے خلاف جنگ پر عوامی ناراضی کو نمایاں کردیا۔ ایران کے ایک عدالتی ادارے کے زیر انتظام خبر رساں ادارے نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے ایک طنزیہ جملے کو بھی شیئر کیا، جس میں کہا گیا کہ ٹرمپ ایران میں حکومت تبدیل کرنے میں ناکام رہے لیکن ٹیکساس میں کامیاب ہوگئے، جہاں ڈیموکریٹس نے کئی دہائیوں بعد سینیٹ کی نشست جیتی۔ ایرانی حکام نے ڈیموکریٹس کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا ہے، تاہم دو سینئر ایرانی ذرائع کے مطابق تہران کو خدشہ ہے کہ صدر ٹرمپ انتخابی شکست کا بدلہ لینے یا اپنی سیاسی پوزیشن بہتر بنانے کے لیے ایران کے خلاف فوجی کارروائی دوبارہ شروع کرسکتے ہیں۔ اسی خدشے کے باعث ایرانی قیادت نے ملک میں سکیورٹی انتظامات سخت کر دیے ہیں۔ بدھ کے روز تہران میں 1979 کے اسلامی انقلاب کے دوران امریکی سفارت خانے پر قبضے کی یاد میں سرکاری سطح پر منعقدہ ریلی میں مظاہرین نے بھی امریکی انتخابات کے نتائج کو ایران کے لیے کامیابی قرار دیا۔ ایک مظاہرین نے کہا کہ جنگ کے حامی ریپبلکنز کی سیاسی طاقت کو اس انداز میں شکست دینا غیر معمولی واقعہ ہے اور اب امریکہ کے اندر سینیٹ اور حکومتی حلقوں میں اصل سیاسی کشمکش دیکھنے کو ملے گی۔ ادھر جنگ کے خاتمے کے لیے ثالثی کی کوششیں تیز کردی گئی ہیں، کیونکہ خدشہ ہے کہ امریکی انتخابات کے بعد خطے میں دوبارہ جنگ شروع ہوسکتی ہے۔ صدر ٹرمپ نے ووٹنگ کے بعد فوجی کارروائیاں دوبارہ شروع کرنے کے امکان کو مسترد نہیں کیا، جبکہ ایران نے بھی جنگ دوبارہ شروع ہونے کی صورت میں وسیع پیمانے پر جوابی کارروائی کی تیاری کا عندیہ دیا ہے۔ واضح رہے کہ امریکہ اور اسرائیل نے 28 فروری کو ایران پر حملے کیے تھے، جس کے جواب میں ایران نے اسرائیل اور خلیجی ممالک میں امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا۔ اس تنازعے کے اثرات لبنان اور یمن تک بھی پھیل گئے، جہاں ایران کے حمایت یافتہ حزب اللہ اور حوثی گروپوں کی کارروائیوں کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی۔ آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت متاثر ہونے اور ایران کی جانب سے اسے بند کرنے کے اعلان کے بعد عالمی سطح پر تیل اور گیس کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ ہوا، جبکہ امریکہ کی جانب سے ایران کی بحری ناکہ بندی نے ایرانی معیشت پر مزید دباؤ ڈال دیا ہے۔ ایرانی میڈیا نے بھی امریکی انتخابی نتائج کو ایران اور امریکہ کے درمیان طویل کشیدگی کے تناظر میں پیش کیا۔ معروف ایرانی اخبار ہمشہری نے اپنی سرخی میں اسے امریکی انتخابات پر ایران کے اثرات سے تعبیر کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کی آنکھوں پر پٹی بندھی تصویر شائع کی، جبکہ قدامت پسند اخبار جامِ جم نے انتخابی نتائج کو ٹرمپ ازم کے زوال کی علامت قرار دیا۔