Wednesday, November 4

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پاکستان کی پیش کردہ تین قراردادیں بھاری اکثریت سے منظور

UN General Assembly Approves Three Pakistan-Sponsored Resolutions by Overwhelming Majority

اسلام آباد، 4 نومبر 2026 (کامران راجہ): اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی پہلی کمیٹی نے پاکستان کی جانب سے پیش کردہ تین قراردادیں بھاری اکثریت سے منظور کرلی ہیں، جو عالمی امن، علاقائی سلامتی اور اسلحہ کنٹرول کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کا اعتراف ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ان قراردادوں کا تعلق جوہری ہتھیار نہ رکھنے والی ریاستوں کے لیے سلامتی کی یقین دہانیوں، علاقائی اسلحہ کنٹرول اور اعتماد سازی کے اقدامات سے ہے۔ علاقائی اور ذیلی علاقائی سطح پر اعتماد سازی کے اقدامات سے متعلق قرارداد بغیر ووٹنگ کے منظور کی گئی، جبکہ روایتی ہتھیاروں کے کنٹرول سے متعلق قرارداد کے حق میں 180 ووٹ ڈالے گئے۔ اس سے قبل جوہری ہتھیار نہ رکھنے والی ریاستوں کو جوہری ہتھیاروں کے استعمال یا استعمال کی دھمکی سے تحفظ فراہم کرنے کی قرارداد بھی 122 ووٹوں سے منظور ہوئی، جس کے خلاف کوئی ووٹ نہیں پڑا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کئی دہائیوں سے اقوام متحدہ میں علاقائی تخفیف اسلحہ، روایتی ہتھیاروں کے کنٹرول اور اعتماد سازی کے اقدامات کے لیے فعال کردار ادا کر رہا ہے۔ ان قراردادوں کا بنیادی مقصد عالمی اور علاقائی سلامتی کو لاحق خطرات کم کرنا، ممالک کے درمیان باہمی اعتماد کو فروغ دینا اور پائیدار امن و استحکام کے قیام میں مدد دینا ہے۔