Thursday, August 27

افتخار گیلانی آزاد کشمیر کے اگلے وزیراعظم کے لیے مسلم لیگ ن کے امیدوار نامزد

Barrister Iftikhar Gilani Selected as PML-N’s Candidate for AJK Prime Minister

اسلام آباد، 27 اگست 2026 (نوشین): پاکستان مسلم لیگ (ن) نے آزاد جموں و کشمیر میں نئی حکومت کے قیام کے لیے بیرسٹر افتخار گیلانی کو وزیراعظم کے امیدوار کے طور پر حتمی شکل دے دی ہے۔ یہ فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں کیا گیا، جس میں آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی نئی حکومت کی تشکیل اور آئندہ پارلیمانی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں سینیٹر رانا ثناء اللہ، خواجہ سعد رفیق، مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر اور سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے شرکت کی۔ نو منتخب اسپیکر چوہدری طارق فاروق، ڈپٹی اسپیکر احمد رضا قادری اور ٹیکنوکریٹ نشست پر منتخب ہونے والے بیرسٹر افتخار گیلانی بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ شرکاء نے نئی کابینہ کی تشکیل، حکومتی ترجیحات، بہتر طرز حکمرانی اور آزاد کشمیر میں حکومتی امور کو مؤثر بنانے کے لیے مختلف اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے وزیراعظم کے انتخاب کے لیے پولنگ 28 اگست کو شیڈول ہے۔ بیرسٹر افتخار گیلانی کی بطور امیدوار نامزدگی آزاد کشمیر میں حالیہ قانون سازی پیش رفت کے بعد مسلم لیگ (ن) کی جانب سے حکومت سازی کے عمل کو آگے بڑھانے کی کڑی ہے۔مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے نئے پارلیمانی سیٹ اپ پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مؤثر حکمرانی، اداروں کے درمیان بہتر رابطے اور عوام کو بہتر خدمات کی فراہمی کی ضرورت پر زور دیا۔