
اسلام آباد، 28 اکتوبر 2026(غفران): تین مرتبہ گرینڈ سلیم ٹائٹل جیتنے والے سوئس ٹینس اسٹار اسٹین واورینکا نے باسل میں سوئس انڈورز ٹورنامنٹ کے دوران چیک کھلاڑی یری لیہیکا کے ہاتھوں شکست کے بعد اپنے 24 سالہ پیشہ ورانہ کیریئر کا اختتام کر دیا۔ اپنے ہوم گراؤنڈ پر آخری میچ کھیلنے والے 41 سالہ واورینکا کو 5-7 اور 2-7 (ٹائی بریک) سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ واورینکا نے گزشتہ سال اعلان کیا تھا کہ وہ 2026 کے سیزن کے اختتام پر ریٹائر ہو جائیں گے، یوں ان کا کیریئر مکمل ہوگیا، جس کا آغاز انہوں نے 2002 میں پیشہ ورانہ ٹینس میں قدم رکھنے کے ساتھ کیا تھا۔ انہوں نے 2014 کے آسٹریلین اوپن فائنل میں رافیل نڈال کو شکست دے کر اپنا پہلا گرینڈ سلیم ٹائٹل جیتا، جبکہ 2015 کے فرنچ اوپن اور 2016 کے یو ایس اوپن فائنلز میں نوواک جوکووچ کو ہرا کر مزید دو بڑے اعزاز اپنے نام کیے۔ اے ٹی پی ویب سائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے واورینکا نے کہا کہ ان کے کیریئر کا بنیادی مقصد ہر میچ میں اپنی بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنا، آخری لمحے تک مقابلہ کرنا اور کسی پچھتاوے کے بغیر کھیل کو الوداع کہنا تھا، کیونکہ وہ اپنے آپ، حریفوں، ٹورنامنٹس اور مداحوں کا احترام کرتے تھے۔ اپنے کیریئر کے دوران انہوں نے 16 اے ٹی پی ٹائٹلز جیتے اور 2014 میں عالمی درجہ بندی میں تیسری پوزیشن حاصل کی، جو ان کی بہترین رینکنگ تھی۔ انہوں نے 2008 کے اولمپکس میں ہم وطن راجر فیڈرر کے ساتھ ڈبلز میں طلائی تمغہ بھی جیتا اور 2014 میں سوئٹزرلینڈ کو پہلی مرتبہ ڈیوس کپ کا ٹائٹل جتوانے میں اہم کردار ادا کیا۔ واورینکا کی ریٹائرمنٹ سوئس ٹینس کے ایک اہم دور کا اختتام ہے، جبکہ انہیں طاقتور شاٹس، ثابت قدمی اور کھیل کے عظیم کھلاڑیوں کے خلاف یادگار کامیابیوں کے باعث یاد رکھا جائے گا۔