تل ابیب، 9 نومبر 2026 (نوشین): اسرائیل اور امریکا کے درمیان نئے کثیر سالہ فوجی امدادی معاہدے کے لیے مذاکرات جاری ہیں، جبکہ اسرائیل جنوری میں نئی امریکی کانگریس کے عہدہ سنبھالنے سے قبل اس معاہدے کو حتمی شکل دینا چاہتا ہے۔ اسرائیلی اخبار یدیعوت احرونوت کے مطابق اسرائیل کو خدشہ ہے کہ واشنگٹن میں سیاسی تبدیلیاں امریکی فوجی امداد کے تسلسل میں رکاوٹ بن سکتی ہیں۔ اخبار نے رپورٹ کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سابقہ بیانات کے برعکس اسرائیل کے لیے امریکی فوجی امداد فوری طور پر ختم نہیں ہوگی۔ مجوزہ معاہدے کے تحت موجودہ 10 سالہ امدادی فریم ورک، جو 2028 میں ختم ہوگا، اس کے بعد پانچ سال تک محدود کیے جانے کا امکان ہے، جس سے براہ راست امریکی فوجی امداد تقریباً نصف رہ جائے گی، جبکہ پانچ سالہ مدت مکمل ہونے کے بعد یہ امداد مکمل طور پر ختم کردی جائے گی۔ دوسری جانب امریکا کی جانب سے فضائی اور میزائل دفاعی نظام کی مشترکہ تیاری کے لیے مالی معاونت موجودہ سالانہ 50 کروڑ ڈالر سے بڑھا کر ایک غیر متعین رقم تک لے جانے پر غور کیا جا رہا ہے۔ یہ رپورٹ ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکا اکتوبر 2023 سے غزہ میں جاری اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے دوران بھی اسے وسیع فوجی، مالی اور سفارتی حمایت فراہم کرتا رہا ہے۔ یدیعوت احرونوت کے مطابق مذاکرات میں دونوں ممالک کی ٹیمیں شریک ہیں، امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے نمائندے واشنگٹن کی جانب سے جبکہ اسرائیلی وزارت دفاع اور واشنگٹن میں اسرائیلی سفارت خانے کے حکام تل ابیب کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ اخبار نے مزید بتایا کہ اسرائیلی مذاکراتی ٹیمیں اس وقت حیران رہ گئی تھیں جب ٹرمپ نے اعلان کیا کہ اسرائیل کے لیے امریکی فوجی امداد 2026 کے اختتام تک بند کردی جائے گی اور ابتدا میں انہیں اس بیان کا مطلب سمجھنے میں دشواری پیش آئی۔ اخبار نے ایک نامعلوم سینئر اسرائیلی عہدیدار کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ ٹرمپ نے یہ بیان زیادہ تر اندرونی سیاسی مقاصد کے تحت دیا تھا تاکہ مشی گن میں ریپبلکن سینیٹ امیدوار مائیک راجرز کو ڈیموکریٹ امیدوار عبدالسیّد کے مقابلے میں فائدہ پہنچایا جاسکے، جو اسرائیل پر امریکی فوجی امداد کے سخت ناقد ہیں۔ تاہم یہ کوشش کامیاب نہ ہوسکی اور عبدالسیّد نے مائیک راجرز کو شکست دے کر امریکی سینیٹ کے لیے منتخب ہونے والے پہلے مسلمان کا اعزاز حاصل کیا۔ امریکی انتخابات کے روز فاکس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا تھا کہ امریکا اسرائیل کو 4 ارب ڈالر کی امداد فراہم کر رہا ہے، تاہم یہ امداد سال کے اختتام پر بند کردی جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا تھا کہ اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے خود امریکی امداد ختم کرنے کی تجویز پیش کی تھی، کیونکہ ان کے خیال میں اسرائیل ایک کامیاب ملک بن چکا ہے اور اسے اب امریکی مالی معاونت کی ضرورت نہیں رہی۔
