Sunday, August 16

اسرائیلی حملوں میں جنوبی لبنان میں 11 افراد جاں بحق

Israeli Strikes in Southern Lebanon Leave 11 Dead

بیروت، 16 اگست 2026 (کامران راجہ ): جنوبی لبنان میں اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں کم از کم 11 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ لبنانی حکام کے مطابق یہ جون میں کشیدگی کم کرنے کے لیے ہونے والے معاہدے کے اعلان کے بعد حملوں کے مہلک ترین دنوں میں سے ایک ہے۔ لبنان کے وزیراعظم نواف سلام نے بتایا کہ انصار کے نواح میں ایک گھر پر اسرائیلی حملے میں سات افراد جاں بحق ہوئے۔ انصار بیروت سے تقریباً 70 کلومیٹر جنوب میں واقع ہے۔ لبنانی سرکاری میڈیا کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں تین بچے اور دو خواتین بھی شامل ہیں۔ اسرائیلی فوج (آئی ڈی ایف) نے دعویٰ کیا کہ حملے میں حزب اللہ کا ایک کمانڈر مارا گیا، اور یہ کارروائی اسرائیلی فوجیوں پر ہونے والے حملے کے جواب میں کی گئی۔ اسرائیلی فوج نے یہ بھی کہا کہ کمانڈر کے خاندان کے افراد، جنہیں اس نے انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کیے جانے کا الزام عائد کیا، حملے کے وقت وہاں موجود تھے اور متاثر ہوئے۔ بعد ازاں ہفتے کے روز دیر الزہرانی کے قصبے میں اسرائیلی حملوں کی ایک اور لہر میں چار افراد جاں بحق اور پانچ زخمی ہوگئے۔ لبنان کی وزارتِ صحت نے ہلاکتوں اور زخمیوں کی تصدیق کی ہے۔ لبنانی حکام کے مطابق انصار میں حملہ مقامی وقت کے مطابق تقریباً صبح 4:30 بجے ہوا، جس میں اس علاقے کو نشانہ بنایا گیا جہاں بے گھر خاندان پناہ لیے ہوئے تھے۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں گاؤں کی سڑکوں سے دھوئیں کے بڑے بادل اٹھتے دکھائی دیے جبکہ سائرن بھی بجتے رہے۔ وزیراعظم نواف سلام نے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انصار میں جاں بحق ہونے والے سات شہری کسی فوجی تنصیب کا حصہ نہیں تھے۔ انہوں نے کہا، “اسرائیل کو یہ کشیدگی فوری طور پر روکنی چاہیے۔” وزیراعظم نے زور دیا کہ لبنان کے عوام کی سلامتی اور اپنی سرزمین پر رہنےکا حق کسی مذاکرات یا سودے بازی کا موضوع نہیں ہونا چاہیے۔تازہ اسرائیلی حملوں کے بعد جنوبی لبنان میں پہلے سے موجود کشیدہ صورتحال مزید سنگین ہوگئی ہے، جبکہ خطے میں دوبارہ بڑے پیمانے پر کشیدگی بڑھنے کے خدشات بھی پیدا ہوگئےہیں۔