
اسلام آباد، 10 اگست 2026 (کامران راجا): نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اتوار کی شب جمہوریہ کانگو کے صدر فیلکس آنتوان شیسیکیدی شیلومبو اور گنی بساؤ کے سابق صدر جنرل عمرو سیسوکو ایمبالو سے الگ الگ ٹیلیفونک گفتگو کی، جس میں علاقائی صورتحال اور پاکستان کی سفارتی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔گفتگو کے دوران نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان حال ہی میں طے پانے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے خدوخال سے دونوں رہنماؤں کو آگاہ کیا۔ انہوں نے معاہدے کو اسٹریٹجک تعاون کے فروغ اور خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کے لیے اہم قرار دیا۔اسحاق ڈار اور صدر شیسیکیدی نے پاکستان اور ڈی آر کانگو کے باہمی تعلقات پر بھی تبادلہ خیال کیا اور اعلیٰ سطحی روابط سمیت دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر اتفاق کیا۔ نائب وزیراعظم نے صدر شیسیکیدی اور عوامِ جمہوریہ کانگو کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔