
اسلام آباد، یکم اکتوبر 2026 (غفران): نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے فوڈ ایئر 2026-27 کیلئے گندم کی درآمد سے متعلق اسٹیئرنگ کمیٹی کے ساتویں اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں گندم کی درآمد کے انتظامات پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) کو سندھ کی گندم کی باقی ماندہ ایک لاکھ 85 ہزار میٹرک ٹن ضرورت پوری کرنے کیلئے کم ترین بولی یا بولیوں کی منظوری کا عمل آگے بڑھانے کی ہدایت کی گئی۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا کی حکومتوں کو بھی ہدایت کی کہ مطلوبہ ادائیگیوں کا بروقت انتظام کریں اور ٹی سی پی کے ساتھ سہ فریقی معاہدے مکمل کریں تاکہ گندم کی درآمد کا عمل بروقت مکمل کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ گندم کی درآمد سے ملک میں وافر مقدار میں گندم کی دستیابی یقینی بنانے اور مناسب نرخوں پر فراہمی کے ذریعے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔ اجلاس میں وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق، سندھ کے وزیر خوراک، معاون خصوصی وزیراعظم طارق باجوہ، سیکریٹری تجارت، مینجنگ ڈائریکٹر پاسکو، متعلقہ صوبائی سیکریٹریز اور وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق و ٹی سی پی کے سینئر حکام نے شرکت کی۔