Friday, November 20

ئی ایل ٹی 20 کا پانچواں سیزن کل سے شروع، بابر اعظم اور شاداب خان مرکز نگاہ

ILT20 Season Five to Begin Tomorrow, Babar Azam and Shadab Khan in Spotlight

دبئی، 20 نومبر 2026 (غفران): متحدہ عرب امارات میں ڈی پی ورلڈ انٹرنیشنل لیگ ٹی 20 (آئی ایل ٹی 20) کے پانچویں سیزن کا آغاز ہفتہ 21 نومبر سے ہوگا، جس میں پاکستان کے اسٹار کرکٹرز بابر اعظم اور شاداب خان سمیت دنیا کے نامور کھلاڑی شائقین کی توجہ کا مرکز ہوں گے۔ افتتاحی مقابلے میں دفاعی چیمپئن ڈیزرٹ وائپرز کا سامنا گزشتہ سیزن کی رنرز اپ ایم آئی ایمریٹس سے ہوگا، جس کے ساتھ ہی 34 میچوں پر مشتمل ٹورنامنٹ کا آغاز ہو جائے گا۔ ٹورنامنٹ سے ایک روز قبل ایکسپو سٹی دبئی میں ڈی پی ورلڈ کے ہیڈ کوارٹرز میں چھوں فرنچائزز کے نمایاں کھلاڑیوں نے مشترکہ پریس کانفرنس میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی تیاریوں، ٹائٹل جیتنے کے عزائم اور لیگ کے بڑھتے ہوئے عالمی معیار پر اظہار خیال کیا۔ ڈیزرٹ وائپرز کے انگلش فاسٹ بولر ڈیوڈ پین نے شاداب خان کو ٹیم کا کپتان مقرر کیے جانے کو بہترین فیصلہ قرار دیا، جبکہ انہوں نے بابر اعظم کی عالمی معیار کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے پاکستانی بیٹر کے تجربے سے فائدہ اٹھانے کی خواہش ظاہر کی۔ ایم آئی ایمریٹس کی نمائندگی کرنے والے افغانستان کے راشد خان نے کہا کہ آئی ایل ٹی 20 نے متحدہ عرب امارات میں کرکٹ کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا ہے اور مقامی نوجوانوں کو عالمی شہرت یافتہ کرکٹرز کے ساتھ کھیل کر اپنی صلاحیتیں نکھارنے کے مواقع فراہم کیے ہیں۔ جنوبی افریقہ کے سابق کپتان فاف ڈو پلیسی، جو دبئی کیپیٹلز کی جانب سے پہلی مرتبہ آئی ایل ٹی 20 میں شرکت کریں گے، نے ٹورنامنٹ کے معیار اور متحدہ عرب امارات میں کرکٹ کی جدید سہولیات کو سراہا۔