
ریاض، 30 ستمبر 2026 (کامران راجہ): سعودی عرب نے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو اور متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کے درمیان ابوظبی میں ہونے والی ملاقات میں سعودی نمائندے کی شرکت سے متعلق رپورٹس کی تردید کردی ہے۔ سعودی ذرائع نے کہا ہے کہ نیتن یاہو اور شیخ محمد کے درمیان ملاقات کے بعد ہونے والے توسیعی اجلاس میں سعودی نمائندے کی شرکت کی اطلاعات میں کوئی صداقت نہیں۔ اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے دعویٰ کیا تھا کہ سعودی نمائندوں نے سکیورٹی تعاون، ایران، حوثیوں اور علاقائی دفاعی نظام سے متعلق بات چیت میں شرکت کی۔ سعودی حکام نے ان رپورٹس کو مسترد کردیا۔ نیتن یاہو نے اتوار کو ابوظبی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے شیخ محمد بن زاید سے ملاقات کی۔ اماراتی خبر رساں ادارے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے باہمی تعلقات اور انہیں مزید مضبوط و مستحکم بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ تین سینئر اسرائیلی حکام نے خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا کہ دونوں رہنماؤں کی ملاقات چھ گھنٹے تک جاری رہی اور اس میں ایران پر توجہ مرکوز کی گئی۔