ایتھوپیا اور پاکستان نے جمعہ کے روز ادیس ابابا، ایتھوپیا میں اگلے سال ہونے والی سنگل کنٹری نمائش کے کامیاب انعقاد کے لیے دو طرفہ تعاون کوبڑھانے کا فیصلہ کیا ہے، تاکہ دونوں ممالک کے تاجروں کی بڑی تعداد اس میں شرکت کر سکے۔
یہ فیصلہ ایتھوپیا کے پاکستان میں سفیر ڈاکٹر جمال بکر عبداللہ اور پاکستان کے وفاقی وزیر تجارت، جام کمال خان کے درمیان ملاقات کے دوران کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں فریقین نے دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے، اور دوطرفہ تجارت کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔
ڈاکٹر جمال بکر نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ ایتھوپیا اور پاکستان کے درمیان تجارت، ثقافت، ہوا بازی، سائنس و ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون میں اضافہ ہو رہا ہے
انہوں نے حالیہ عرصے میں دونوں ممالک کے درمیان کاروبار، تجارت، سرمایہ کاری، ہوا بازی، سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ہونے والے معاہدات، کراچی میں ایتھوپین ایئر لائنز کی پروازوں کے آغاز اور کاروباری، تعلیمی، صحت اور ثقافتی وفود کے تبادلے کا حوالہ دیتے ہوئے دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ ایتھوپیا افریقہ کے دروازے کے طور پر جانا جاتا ہے، جو 1.4 ارب سے زیادہ کی آبادی پر مشتمل ایک بڑی مارکیٹ ہے۔ انہوں نے ادیس ابابا میں سنگل کنٹری نمائش کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستانی تاجروں کو نہ صرف ایتھوپیا بلکہ افریقی مارکیٹ سے جوڑنے کا موقع فراہم کرے گی۔
وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا کہ وزارت تجارت اور پاکستان کی ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی ادیس ابابا میں سنگل کنٹری نمائش کے حوالے سے تیاریاں کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان افریقہ کے ساتھ روابط بڑھانے اور تعلقات مضبوط کرنے کے لیے پُرعزم ہے اور “لُک افریقہ” اور “اینگیج افریقہ” پالیسی کے تحت ایتھوپیا سمیت افریقی ممالک کے ساتھ تعلقات کو مستحکم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔