Monday, September 28

اسلام آباد میں ایس سی او کونسل آف نیشنل کوآرڈینیٹرز کا اجلاس شروع

SCO Council of National Coordinators Meeting Begins in Islamabad

اسلام آباد، 28 ستمبر 2026 (نوشین): شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کی کونسل آف نیشنل کوآرڈینیٹرز کا اجلاس اسلام آباد میں پاکستان کی 2026-27 کے لیے ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ کی صدارت میں شروع ہوگیا۔ اجلاس 30 ستمبر تک جاری رہے گا، جس کی صدارت پاکستان کے ایس سی او کے لیے نیشنل کوآرڈینیٹر ڈاکٹر ایم فیصل کر رہے ہیں۔ اجلاس میں ایس سی او کے رکن ممالک کے نیشنل کوآرڈینیٹرز اور ایس سی او سیکریٹریٹ کے نمائندگان شرکت کر رہے ہیں۔ بھارتی وفد بھی اجلاس میں شریک ہے، جو تقریباً دو سال بعد ایس سی او اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچا ہے۔ اجلاس میں ایس سی او کے تعاون اور رابطہ کاری سے متعلق مختلف امور پر غور کیا جا رہا ہے، جن میں پاکستان کی زیر صدارت سرگرمیوں کا پروگرام، آئندہ ایس سی او اجلاسوں اور تقریبات کی تیاریوں سمیت تنظیم کے ایجنڈے کے دیگر امور شامل ہیں۔ پاکستان 2026-27 کے لیے ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ کے چیئرمین کی حیثیت سے ’’ویژن کو عملی اقدامات میں تبدیل کرنا: رابطہ کاری، جدت اور مشترکہ خوشحالی‘‘ کے عنوان کے تحت تنظیم کے مقاصد کو آگے بڑھانے کے لیے اقدامات کرے گا۔ پاکستان کی صدارت میں باہمی رابطوں کے فروغ، جدت کی حوصلہ افزائی، اقتصادی تعاون میں اضافے اور عوامی روابط کو مضبوط بنانے پر توجہ دی جائے گی۔ دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان ان ترجیحات کو آگے بڑھانے اور ایس سی او کے اندر تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے تمام رکن ممالک اور ایس سی او سیکریٹریٹ کے ساتھ قریبی رابطے میں کام کرے گا۔ اجلاس پاکستان کی صدارت کے دوران ہونے والی مختلف اعلیٰ سطحی سرگرمیوں اور اہم اجلاسوں کی تیاری میں معاون ثابت ہوگا، جن میں اگست 2027 میں پاکستان کی میزبانی میں ہونے والا ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ کا اجلاس بھی شامل ہے۔