Wednesday, November 13

پیپلز پارٹی کی مذاکراتی ٹیم کی بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل گروپ اور نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کے رہنماؤں سے اسلام آباد میں ملاقات

پیپلز پارٹی کی مذاکراتی ٹیم کی بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل گروپ اور نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کے رہنماؤں سے اسلام آباد میں ملاقات

ملک میں جاری سیاسی صورتحال کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کے سلسلے میں پیپلز پارٹی کی جانب سے قائم شدہ کمیٹی نے سید یوسف رضا گیلانی کی سربراہی میں آج بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل گروپ کے رہنما وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی آغا حسن بلوچ، وزیر مملکت برائے توانائی ہاشم نوتیزئی اور سینٹر نسیمہ احسن شاہ سے اسلام آباد میں ملاقات کی ۔

  • ملاقات میں پیپلز پارٹی کی مذاکراتی کمیٹی کے دیگر ارکان مشیر امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ اور وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر نے بھی شرکت کی۔ ملاقات میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ ملک کو موجودہ کیفیت سے نجات دلانے کے لیے مذاکرات کا راستہ ناگزیر ہے اور تمام سیاسی جماعتوں کو ملک میں جمہوریت کے استحکام اور ترقی کے لیے مذاکرات کے راستے کو اپنانا ہو گا ۔

ملاقات میں اس امر پر بھی اتفاق کیا گیا کہ حکومت میں شامل تمام سیاسی جماعتیں ایک مشترکہ لائحہ عمل کے ذریعے مزاکرات کی راہ کو ہموار کرنے کی مخلصانہ کوشش کریں گی ، اس موقع پر پیپلز پارٹی کی مذاکراتی کمیٹی نے سابق صدر آصف علی زرداری اور چیرمین بلاول بھٹو زرداری کے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ پیپلز پارٹی ملک سے بے یقینی کی کیفیت کو ختم کرنے کے لیے اپنا متحرک کردار ادا کرے گی اور اسی سلسلے میں اس مذاکراتی کمیٹی کے وجود کو عمل میں لایا گیا ہے.

مذاکراتی کمیٹی نے بعد ازاں نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کے چیرمین محسن داوڑ اور سیکرٹری انفارمیشن نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ جمال داوڑ سے ان کی رہائش گاہ پر بھی ملاقات کی اور ملک میں جمہوریت کے استحکام اور آئین کی پاسداری کے حوالے سے مذاکراتی عمل کو تقویت دینے کے ممکنہ اقدامات پر غور کیا ۔

کمیٹی کے سربراہ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ حکومت میں شامل تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہان اور نمائندوں سے مشاورت کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جائے گا اور آج اسی سلسلے میں مذاکراتی کمیٹی نے حکومت میں شامل دو اہم جماعتوں کے نمائندوں سے مشاورت کا عمل مکمل کر لیا ہے.

 قمر زمان کائرہ نے کہا کہ جمہوریت کی فتح ڈائیلاگ میں ہے نہ کہ ڈیڈ لاک میں، انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ کی طرح پاکستان کو اس بحرانی کیفیت سے نجات دلانے میں کامیاب ہو جائے گی اور تمام سیاسی جماعتیں ملک میں جمہوریت کے استحکام کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کریں گی۔

سب ایڈیٹر : ارسلان

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *