Thursday, September 19

سفیرپاکستان کا کیلی فورنیا کے شہر اِروائن کے ساتھ ٹیکنالوجی کے شعبے میں روابط بڑھانے پر زور

سفیرپاکستان کا کیلی فورنیا کے شہر اِروائن کے ساتھ ٹیکنالوجی کے شعبے میں روابط بڑھانے پر زور


امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ صوبہ پنجاب اور امریکی ریاست کیلی فورنیا کے مابین طے پانے والا سسٹر پروونس معاہدہ معیشت کے مخصوص شعبہ جات میں امریکی ریاستوں اور پاکستانی صوبوں اور دونوں ملکوں کے شہر وں کی سطح پر اس طرح کے معاہدوں کے لئے ایک نمونہ فراہم کرتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار سفیر پاکستان مسعود خان نے کیلی فورنیا کے شہر اِروائن کی پاکستانی نژاد میئر فرح خان سے ملاقات کے دوران کیا
ملاقات کے دوران مسعود خان نے کہا کہ پاکستانی ٹیک سٹارٹ اپس، جن کی اکثریت کو انتہائی باصلاحیت اور متحرک پاکستانی نوجوان چلا رہے ہیں، اور ریاست کیلی فورنیا کے شہر اِروائن کے مضبوط ٹیک سیکٹر کے درمیان بہتر تعاون سے نہ صرف دونوں فریقین کی معاشی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد ملے گی بلکہ اس تعاون کے نتیجے میں عوامی سطح پر تبادلوں کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔
مئیر فرح خان نے سفیر پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اروائن اسٹارٹ اپ بزنس، مضبوط معیشت اور روزگار کے لئے ترقی کرتی ہوئی مارکیٹ کے حوالے سے امریکہ کے بہترین شہروں میں شمار کیا جاتا ہے
مئیر فرح خان امریکہ کے معاشی حب اروائن کی منتخب نمائندہ کی حیثیت سے دوسری بار خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔
سفیر پاکستان مسعود خان نے مئیر فرح خان کو کامیاب سیاسی کیریئر پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی قائدانہ صلاحیتیں اور کامیابیاں نہ صرف امریکہ میں مقیم تارکین وطن بلکہ پاکستانیوں کے لیے بھی باعث فخر ہیں
مسعود خان نے کہا کہ تمام پاکستانی نژاد امریکی ، جنہوں نے اپنے اپنے متعلقہ شعبہ جات میں اپنی شناخت پیدا کی ہے اور نام کمایا ہے، وہ نہ صرف پاکستان کا اثاثہ ہیں بلکہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان ایک لازوال اور مضبوط رابطہ ہیں
سفیر پاکستان نے اپنے حالیہ دورہ کیلی فورنیا کے دوران امریکہ کی سب سے بڑی ریاست کیلی فورنیا اور آبادی کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبہ پنجاب کے مابین تاریخی “ سسٹر پروونس” معاہدے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ نہ صرف دونوں ملکوں کو ایک دوسرے کے قریب لائے گا بلکہ اس معاہدے کی بدولت اقتصادی شعبے میں موجود استعداد کو برؤے کار لانے میں بھی مدد ملے گی۔
مئیر فرح خان نے پرتپاک استقبال پر سفیر پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اروائن شہر کے حوالے سے ٹیکنالوجی، میڈی ٹیک اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے شعبوں میں شہر کی ترقی کو اجاگر کیا۔
فرح خان نے مزید کہا کہ کہ اعلیٰ تعلیم اور جدید ترین ٹیکنالوجی کے شعبہ جات میں بھی پاکستانی شہروں اور اروائن کے مابین دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کی کثیر گنجائش موجود ہے
فرح خان نے اروائن اور ریاست کیلیفورنیا کی سماجی و اقتصادی ترقی میں پاکستانی تارکین وطن کے قابل قدر کردار کو بھی بھرپور طور سے اجاگر کیا۔
سفیر پاکستان نے اروائن اور پاکستانی چیمبر اور انڈسٹری کے درمیان تعاون کو فروغ دینے اور عوامی سطح پر روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لیے تجارتی وفد کے ہمراہ پاکستان آنے کی دعوت دی جو کہ انہوں نے بخوشی قبول کی۔

 

ایڈیٹر : راجہ کامران

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *