Thursday, October 22

نور زمان نے دفاعی چیمپئن کریم عبدالجواد کو شکست دے کر سلیکون ویلی اوپن کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی

نور زمان نے دفاعی چیمپئن کریم عبدالجواد کو شکست دے کر سلیکون ویلی اوپن کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی

کیلیفورنیا، 22 اکتوبر 2026 (غفران): پاکستان کے اسکواش کھلاڑی نور زمان نے بدھ کو شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دفاعی چیمپئن اور عالمی نمبر چار مصر کے کریم عبدالجواد کو 1-3 سے شکست دے کر امریکہ کے شہر کیلیفورنیا میں جاری پی ایس اے گولڈ سلیکون ویلی اوپن کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔ 22 سالہ پاکستانی کھلاڑی نے سیکنڈ سیڈ مصری حریف کو 52 منٹ پر مشتمل مقابلے میں 11-9، 11-7، 9-11 اور 11-6 سے شکست دی۔ ایک لاکھ 43 ہزار 500 ڈالر کی انعامی رقم والے مردوں کے اس ٹورنامنٹ میں کامیابی کے بعد نور زمان نے کہا کہ وہ ذہنی اور جسمانی طور پر مکمل تیار تھے اور ان کے خیال میں اب وقت آ گیا ہے کہ وہ دنیا کے صفِ اول کے کھلاڑیوں کو شکست دیں۔ عالمی درجہ بندی میں ٹاپ 35 کھلاڑیوں میں شامل نور زمان نے اس سے قبل امریکی وائلڈ کارڈ کھلاڑی برینسٹن منگ کو 1-3 سے ہرا کر پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔ ابتدائی گیم 3-11 سے ہارنے کے بعد پاکستانی کھلاڑی نے شاندار واپسی کرتے ہوئے اگلے تین گیمز 11-5، 11-8 اور 11-9 سے جیت لیے۔ پشاور سے تعلق رکھنے والے نور زمان سابق عالمی چیمپئن قمر زمان کے پوتے ہیں اور 2025 کے انڈر 23 عالمی چیمپئن بھی ہیں۔ حالیہ مہینوں میں ان کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے، جس کے نتیجے میں وہ عالمی درجہ بندی میں ٹاپ 30 کے قریب پہنچے اور پروفیشنل اسکواش ایسوسی ایشن کے پانچ ٹائٹل اپنے نام کیے۔ دوسری جانب پاکستان کے محمد اصحاب عرفان کو پری کوارٹر فائنل میں مصر کے پانچویں سیڈ محمد الشوربگی کے ہاتھوں 0-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد وہ ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے۔ اصحاب عرفان نے اس سے قبل ہنگری کے بالاز فارکاس کو 11-6، 11-4 اور 11-5 سے شکست دے کر اگلے مرحلے میں رسائی حاصل کی تھی۔ پی ایس اے ورلڈ ٹور گولڈ کے اس ایونٹ میں مردوں اور خواتین کے مقابلوں کے لیے یکساں انعامی رقم مختص کی گئی ہے۔ اسکواش لاس اینجلس 2028 اولمپکس میں پہلی مرتبہ شامل ہونے کی تیاری کر رہا ہے، جس سے اس کھیل کی عالمی سطح پر اہمیت مزید بڑھنے کی توقع ہے۔